اسلام ٹائمز۔ لبنان کی حزب اللہ کی جانب سے مقبوضہ علاقوں پر بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد، اسرائیل کے وزیر دفاع یوآو گالانٹ نے 48 گھنٹے کے لیے ہنگامی حالت کا اعلان کیا ہے۔ فارس نیوز کے مطابق اس سے پہلے، اسرائیلی چینل 12 نے اطلاع دی تھی کہ وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کی وزیر دفاع گالانٹ کے ساتھ ایک سیکیورٹی اجلاس ہوا تھا۔ حزب اللہ لبنان نے آج (اتوار) کو اپنے سینئر کمانڈر شہید فؤاد شکر کی شہادت کے جواب میں ابتدائی کارروائی کی خبر دیتے ہوئے کہا کہ سردار فؤاد شکر کی شہادت کا جواب دینے کے لیے، مزاحمتی جنگجوؤں نے مقبوضہ اسرائیلی علاقوں کے اندر ایک بڑے ہوائی حملے کا آغاز کیا ہے۔ حزب اللہ لبنان نے اسرائیلی مقامات پر فائر کیے گئے میزائلوں کی تعداد کے بارے میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کی پوزیشنوں پر اب تک 320 سے زیادہ کاتیوشا میزائل فائر کیے جا چکے ہیں۔