اسلام ٹائمز۔ کنوینئر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان اپنے نوجوانوں کی حفاظت کیلئے اب سڑکوں پر نکلے گی۔ اپنے بیان میں خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ تمام تر دھاندلیوں، غیرمقامی افسران، پولیس کے باوجود ایم کیو ایم پاکستان نے شہری علاقوں کا مینڈیٹ واپس چھین لیا۔ جعلی مردم شماری، بدترین حلقہ بندیوں کے ذریعے 15 سال سے شہر کراچی پر مسلط جماعت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ شہر کے نوجوان غیر مقامی ڈاکوؤں کے ہاتھوں مارے جا رہے ہیں، شہر میں بدامنی کی بڑی وجہ یہ ہے کہ قانون توڑنے اور نافذ کرنے والوں کا تعلق شہر کراچی سے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پشاور، لاڑکانہ، لاہور میں پولیس مقامی ہے تو کراچی میں کیوں نہیں، سندھ حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ اگر آپ شہر کراچی کی حفاظت نہیں کر سکتے تو ہم خود کریں گے۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ کی نسل پرست حکومت سے 15 سال کی بے پناہ کرپشن کا حساب بھی لینا ہے۔ انڈر ورلڈ کے ذریعے سندھ کی بے پناہ زمینوں پر قبضہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے بعد شہر کے نوجوانوں کو بچانے کیلئے ایم کیو ایم پاکستان لوگوں کا تحفظ کرنے میں آزاد ہو گی۔