0
Wednesday 27 Mar 2024 13:56

کراچی، امام خامنہ ای کی کتاب ’’رمضان المبارک کی برکتوں کے سائے میں‘‘ کی تقریب رونمائی

کراچی، امام خامنہ ای کی کتاب ’’رمضان المبارک کی برکتوں کے سائے میں‘‘ کی تقریب رونمائی
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں سالانہ شیعہ کتب میلے کے موقع پر خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران کراچی کی کاوشوں سے رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی گرانقدر کتاب "در سایہ سار رمضان" کے اردو ترجمے کی تقریب رونمائی منعقد ہوئی۔ کراچی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان اور خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران کراچی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سعید طالبی نیا نے بھوجانی ہال سولجر بازار میں منعقدہ دو روزہ کتب نمائش میں شرکت کرکے امام خامنہ ای کی گرانقدر کتاب "در سایہ سار رمضان" کے اردو ترجمے ’’رمضان المبارک کی برکتوں کے سائے میں‘‘ کی نقاب کشائی کی۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں شائقین علم و کتاب بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر سعید طالبی نیا نے کہا کہ کتاب "در سایہ سار رمضان" کا فارسی سے اردو میں ترجمہ خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران کراچی کے ترجمہ و تحقیقی شعبے کے سربراہ سید کوثر عباس موسوی نے کیا ہے، یہ کتاب کراچی میں "رمضان المبارک کی برکتوں کی سائے میں" کے عنوان سے شائع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کتاب میں ماہ رمضان، شب قدر، دعا، استغفار اور روزے کے احکام کے بارے میں آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے گرانقدر بیانات شامل ہیں۔ ڈاکٹر سعید طالبی نیا نے کہا کہ شائقین علم و کتاب بالخصوص طلباء و طالبات فیس بک، انسٹاگرام اور یوٹیوب پر خانہ فرہنگ ایران کراچی کے صفحات پر اس کتاب کا مطالعہ کریں، اس کتاب کے قیمتی مواد سے استفادہ کریں۔

’’اسلام ٹائمز‘‘ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کتاب کے مترجم سید کوثر عباس موسوی نے کہا کہ کتاب "در سایہ سار رمضان" نامی کتاب ماہ مبارک رمضان سے متعلق امام خامنہ ای کی تقاریر و پیغامات کا مجموعہ ہے، خانہ فرہنگ ایران کراچی کے زیر اہتمام سال بھر مختلف کتابوں کی تراجم و اشاعت کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ مترجم سید کوثر عباس موسوی نے کہا کہ خانہ فرہنگ ایران کراچی کے تحت متعدد کتابوں کے ترجمہ و اشاعت ہو چکی ہے، کتاب "رمضان المبارک کی برکتوں کی سائے میں" کی اشاعت بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

تقریب رونمائی کے بعد ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان اور ڈائریکٹر خانہ فرہنگ ڈاکٹر سعید طالبی نیا نے شرکاء میں امام خامنہ ای کی ترجمہ شدہ کتاب بھی تقسیم کیں۔ اس موقع پر ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان اور ڈائریکٹر خانہ فرہنگ ڈاکٹر سعید طالبی نیا نے کتب میلے میں لگائے گئے اسٹالز کا بھی دورہ کیا۔ واضح رہے کہ 127 صفحات پر مشتمل رہبر معظم امام خامنہ ای کی کتاب کا ترجمہ "رمضان المبارک کی برکتوں کی سائے میں" کے عنوان سے خانہ فرہنگ ایران کراچی کے تعاون سے العرفان پبلی کیشنز کراچی نے چھاپ کر شائع کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1125174
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش