اسلام ٹائمز۔ سابق وزیر تعلیم سکولز و نو منتخب مرکزی سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ نواز آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ سب سے پہلے اللہ تبارک و تعالیٰ کی ذات اقدس کا مشکور و ممنون ہوں کہ مجھے اس عزت کے قابل بنایا اور اتنی بڑی ذمہ داری عطا کی۔اس کے بعد قائد پاکستان مسلم لیگ نواز محمد نواز شریف، صدر پاکستان مسلم لیگ نواز محمد شہباز شریف اور چیف آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ نواز محترمہ مریم نواز شریف کا بے حد مشکور ہوں کہ انھوں نے مجھے اتنی بڑی ذمہ دار سونپی میں ہر ممکن کوشش کروں گا کہ قیادت نے مجھ پر جو اعتماد کیا ہے اس پر پورا اتروں۔ مسلم لیگ نواز کے قائد میاں محمد نواز شریف وہ واحد لیڈر ہیں جنھوں نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا اور ملک میں تمام میگا پراجیکٹ میاں محمد نواز شریف کے دور اقتدار میں مکمل ہوئے۔ انھوں نے کہا کہ نواز لیگ ایک دفعہ پھر ملک کو بحرانوں سے نکالے گئی۔ انھوں نے کہا کہ آمدہ جنرل انتخابات سے قبل مسلم لیگ نواز کو وارڈز کی سطح پر منظم کر رہے ہیں، مسلم لیگ نواز ترقیاتی کاموں پر یقین رکھتی ہے، مسلم لیگ نواز کے قائد میاں محمد نواز شریف جب بھی اقتدار میں آئے پاکستان سے مہنگائی کا خاتمہ ہوا، میاں محمد نواز شریف نے اپنے دور اقتدار میں ملک میں بڑے بڑے میگا پراجیکٹ مکمل کیے، ملک میں موٹرویز کا جال بچھایا، ملک کو ایٹمی طاقت بنایا اور ملک میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، نواز شریف نے ملک کی معاشی ترقی کی تعمیر نو کی بنیاد ڈالتے ہوئے اربوں ڈالر کا سی پیک تحفے میں دیا۔ انھوں نے کہا کہ مستحکم پاکستان کے لیے قائداعظم محمد علی جناح رحمتہ اللہ علیہ کے افکار ہمارے لیے مشعل راہ اور ملک کی سلامتی کے ضامن ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آنے والا دور مسلم لیگ نواز کا ہے، پاکستان کی معیشیت کو تباہ و برباد کرنے والوں کے چہرے بے نقاب ہو چکے ہیں۔