اسلام ٹائمز۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث نے پاکستان مسلم لیگ نون کے ساتھ انتخابی اتحاد برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث ساجد میر کی زیر صدارت مجلس شوریٰ کا اجلاس ہوا، مجلس شوریٰ کے اجلاس میں سینیٹر حافظ عبدالکریم سمیت ملک بھر سے 600 ارکان شوریٰ شریک ہوئے۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث کی مجلس شوریٰ نے عام انتخابات میں مسلم لیگ نون کے ساتھ انتخابی اتحاد برقرار رکھنے کی منظوری دے دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر ساجد میر نے کہا کہ عام انتخابات میں تاخیر نہیں ہونی چاہیئے، چیلنجز سے نمٹنے کے لئے سیاسی قیادت کو قومی ایجنڈے پر متفق ہونا ہوگا۔ پروفیسر ساجد میر کا مزید کہنا تھا کہ ملکی سیاسی قیادت ایک چھت تلے سرجوڑ کر بیٹھے اور عوامی و ملکی مسائل کا حل نکالے۔