متعلقہ فائیلیںاسلام ٹائمز۔ نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم اور کراچی میں متعین ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مقبول باقر نے کراچی میں ہونے والی اس ملاقات میں ایران و پاکستان کے درمیان دیرینہ ثقافتی، تاریخی و مذہبی اشتراکات اور عوامی رابطوں کو دونوں ملکوں کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون میں فروغ کی اہم وجہ قرار دی ہے۔ انہوں نے ایران کی جانب سے پاکستان اور اس کے علاقائی مؤوقف میں ساتھ دینے پر ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی صوبائی حکومت ایران کے ساتھ ثقافتی، معاشی و تجارتی تعلقات میں فروغ کا عزم رکھتی ہے۔ نگراں وزیر اعلی نے دونوں ملکوں کی مشترکہ سرحدوں پر موجود گنجائشوں کا ذکر کرتے ہوئے ایران و پاکستان کے تاجروں کے درمیان زیادہ تعاون کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے ایران سے پاکستان جانے والی گیس پائپ لائن پروجیکٹ کی تکمیل کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دو طرفہ تجارت میں اضافے کے لئے بارٹر ٹریڈ سسٹم پر عمل اور بینکنگ کے شعبے میں موجودہ رکاوٹیں دور کرنا ناگزیر ہے۔
اس ملاقات میں پاکستان میں ایران کے سفیر نے بھی دونوں ملکوں کے تعلقات کی نوعیت پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان ٹرانسپورٹیشن میں بہتری سے باہمی تجارت میں استحکام آئے گا اور اس سے پاکستان کی رسائی وسط ایشیائی ملکوں اور یورپ تک ہو جائے گی۔ رضا امیری مقدم نے کہا کہ پاکستانی تاجروں کی جانب سے گبد ریمدان سرحد کو بہتر بنائے جانے کے مسلسل مطالبہ کے بعد اب ریمدان سرحد پر کسٹم اور بازاروں کے نظام میں سہولت پیدا کر دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر کراچی کے دورے پر ہیں اور پیر کی صبح انہوں نے بانی پاکستان محمد علی جناح کے مزار پر بھی حاضری دی۔