اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران طاہر نے پشاور کے گرجا گھر میں ہونے والے بم دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام تمام مذاہب اور مسالک کے مقدسات کے احترام اور تقدس کا پیغام دیتا ہے، جو لوگ مساجد، امام بارگاہوں، مزاروں اور اقلیتوں کی عبادت گاہوں پر حملے کرتے ہیں وہ اسلام کے نہیں بلکہ شیطان کے پیروکار ہیں۔ اُنہوں نے پشاور کے گرجا گھر میں ہونے والے انسانیت سوز واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں مسیحی برادری کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
آئی ایس او کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ پشاور کے گرجا گھر میں ہونے والے خودکش حملے طالبان سے مذاکرات کا نتیجہ ہیں، چرچز میں ہونے والے یہ خودکش حملے اُن سیاست دانوں کے لئے لمحہ فکریہ ہیں جنہوں نے دن رات طالبان سے مذاکرات کی رٹ لگائی ہوئی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ان شرپسند اور دہشت گرد عناصر سے پاکستان کا وجود خطرے میں ہے، حکومت ہوش کے ناخن لیتے ہوئے مذمتی بیانات کی بجائے اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔