اسلام ٹائمز۔ محکمہ تعلیم سندھ نے نجی اسکولوں کو طلبہ سے ایڈوانس اضافی فیس نہ لینے کی ہدایت کر دی ہے۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹوریٹ آف انسپیکشن اینڈ پرائیویٹ انسٹیٹیوشن نے مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ والدین اور طلبہ کی سہولت اور انہیں مالی مشکلات سے بچانے کیلئے میٹرک کے طلبہ سے ٹیوشن فیس صرف اپریل کے مہینے تک وصول کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر رجسٹریشن پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن سندھ رفعیہ جاوید نے تمام نجی اسکولوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے 23 دسمبر 2024ء کو ایک سرکلر جاری کیا گیا تھا، جس میں اسٹیرنگ کمیٹی کے نویں دسویں کے سالانہ امتحانات اور نئے تعلیمی سیشن کے حوالے سے فیصلے کیے گئے تھے۔
فیصلوں کی روشنی میں انہیں ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ اسکولز ان طلبہ سے جو اس سال یعنی 2025ء میں میٹرک کے سالانہ امتحانات میں شرکت کر رہے ہیں، صرف اپریل تک کی فیس چارج کریں گے، کیونکہ ان کے امتحانات مارچ کے مہینے میں منعقد ہوں گے۔ اس کے علاوہ، ان طلبہ سے جو کلاس پری پرائمری سے لیکر نویں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور وہ طلبہ جو 2025ء میں نویں سے دسویں کلاس میں پروموٹ ہوں گے، انہیں اپریل کے ماہ میں جون اور مئی میں جولائی کی فیسوں کے واوچرز جاری کیے جائیں، جو کہ جون اور جولائی تک قابل ادا ہوں گے۔ تمام نجی اسکولوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ مندرجہ بالا واضح ہدایات پر من و عن عمل کریں، خلاف ورزی کرنے والے نجی اسکولز کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔