اسلام ٹائمز۔ پارلیمانی سیاسی جماعتوں کی قومی سلامتی کانفرنس سوموار کو وزیراعظم ہاؤس میں ہوگی۔ پارلیمنٹ میں نمائندگی رکھنے والی گیارہ سیاسی جماعتوں کے قائدین دہشت گردی کے خلاف قوانین پر نظر ثانی کریں گے۔ ریاست مخالف قوتوں سے مذاکرات یا طاقت کا استعمال، پارلیمانی جماعتیں پیر کو نواز شریف کی سربراہی میں سرجوڑ کر بیٹھیں گی۔ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سمیت سیکورٹی اور خفیہ اداروں کے سربراہان کانفرنس کو موجودہ چیلنجز سے آگاہ کریں گے۔ کانفرنس کو کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن اور سیاسی جماعتوں کے مسلح ونگز کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ پھر بات ہو گی فاٹا اور خیبرپختونخوا کی، جہاں طالبان سے متعلق لائن آف ایکشن طے ہوگی، فیصلے میں شرکاء کی رائے کا احترام کیا جائے گا۔
کانفرنس بلوچستان میں ایف سی اور فوج کے کردار پر بھی نظرثانی کرے گی۔ ناراض بلوچوں کو منانے کی راہ نکالی جائے گی۔ اجلاس سے پہلے وزیراعظم نوازشریف، عمران خان اور آرمی چیف سے الگ ملاقات کریں گے۔ پارلیمانی کانفرنس میں خورشید شاہ، عمران خان، حاجی عدیل، مولانا فضل الرحمان، فاروق ستار،منور حسن، محمود خان اچکزئی، میرحاصل بزنجو، چوہدری شجاعت حسین، علامہ ساجد میر اور امتیاز شیخ اپنی اپنی جماعتوں کی نمائندگی کریں گے۔