اسلام ٹائمز۔ قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ پچھلے 5، 10 سال میں پنجاب، بلوچستان اور کے پی میں تبدیلی آ رہی ہے جبکہ سندھ میں 2008ء سے کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو ایاز پلیجو نے کہا کہ زرداری صاحب آپ کی وجہ سے سندھ برباد ہو رہا ہے، سندھ میں تباہی ہے، آپ بیٹھے ہیں تو کارونجھر بک گیا۔ انہوں نے بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو صاحب آپ کی وزارتِ عظمی کی خواہش کی قیمت سندھ کو دینا پڑ رہی ہے۔ ایاز لطیف پلیجو نے حکمراں جماعت مسلم لیگ نواز کے اہم رکن احسن اقبال کے حوالے سے کہا کہ احسن اقبال کہہ رہے تھے کوئی صوبہ کسی کا پانی نہیں چھین سکتا، احسن اقبال صاحب سندھ کو اس کے حصے کا پانی نہیں مل رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گذارش کر رہا ہوں کہ باز آ جائیں، سندھ کو بنجر نہ بنائیں، خدارا ہوش کے ناخن لیں، ورنہ نتائج خطرناک ہوں گے۔ قومی عوامی تحریک کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ ہمیں اس نہج پر نہ لے جائیں کہ جہاں لوگ آخری قدم اٹھانے کا سوچیں۔