اسلام ٹائمز۔ تحریکِ بیداریِ امت مصطفی کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم جس دور میں ہیں، اس میں مسلمان اپنی انسانیت سے دور ہوتے جا رہے ہیں اور اس کی سب سے بڑی مثال غزہ کا بحران ہے، وہاں پر اسرائیل کی جارحیت کے باوجود مسلمانوں کی طرف سے کمزوری، غفلت اور خیانت دیکھنے کو مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی صورتحال ہمیں تاریخ میں بھی نظر آتی ہے، جب امام علی علیہ السلام نے اپنی فوج کو "اشباہ الرجال" کہہ کر ان کی حقیقت کو بے نقاب کیا تھا۔ آج ہم مسلمان بھی "اشباہ الناس" بن چکے ہیں، جہاں حقیقت کا ادراک نہیں اور مسلمان ظلم و جبر کا شکار ہیں۔
علامہ جواد نقوی نے کہا کہ اس وقت اسرائیل نے اپنے تین ہزار سال پرانے نقشے کو دوبارہ دنیا کے سامنے پیش کیا ہے، جس میں وہ مسلم سرزمیوں کوحاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، اس کے مقابلے میں مسلمانوں کی فوجیں اورحکومتیں کچھ نہیں کر پا رہیں، اگر یہ صورتحال ایسے ہی برقرار رہی تو ہم یقیناً اسرائیل کی طاقتور سلطنت کے دوبارہ قیام کو دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ مسلمانوں کے اندر کی کمزوری اور بے حسی کا نتیجہ ہے، اگر امت مسلمہ نے اپنی انسانیت کی حفاظت نہیں کی تو بے وقعت ہو جائیں گے۔