اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے بعد عوامی اتحاد پارٹی یونٹ پلوامہ نے ضلع ہیڈ کوارٹر پلوامہ میں ورکرز کنونشن اور میٹنگ کا انعقاد کیا۔ پلوامہ میں عوامی اتحاد پارٹی ورکرز کنونشن کے دوران عوامی اتحاد پارٹی کے کارگذار صدر غلام نبی شاہین، ضلع صدر پلوامہ محمد الطاف بٹ، ضلع صدر شوپیان راجہ وحید اور پارٹی کے دیگر سینیئر ممبران موجود تھے اور مختلف سیاسی و سماجی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پلوامہ میں عوامی اتحاد پارٹی کے ورکرز کنونشن اور میٹنگ میں ضلع پلوامہ کے مختلف علاقوں سے پارٹی کارکنوں نے شرکت کی۔ اس موقعے پر عوامی اتحاد پارٹی کے ضلع صدر پلوامہ محمد الطاف بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ممبر پارلیمنٹ انجینیئر رشید کو رہا کرے تاکہ وہ بارہمولہ پارلیمانی حلقہ کے لوگوں کی آواز کو ہندوستان کی پارلیمنٹ میں پہنچا سکیں۔
محمد الطاف بٹ نے کہا کہ حکومت نے جو جموں و کشمیر کی عوام کے ساتھ وعدہ کیا ہے اسے پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا آج بھی عوام کو بجلی ،پانی جیسے بنیادی مسائل کا سامنا کر رہی ہیں۔ عوامی اتحاد پارٹی کے قائم مقام صدر غلام نبی شاہین نے کہا کہ ریزرویشن پالیسی پر نظرثانی کی جانی چاہیئے اور جموں و کشمیر کے لوگوں کے زمرے کے تناسب کے مطابق اسے معقول بنایا جانا چاہیئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ ریزرویشن پالیسی غیر منصفانہ ہے اور اگر اس پر نظرثانی نہ کی گئی تو مستقبل میں مہلک ثابت ہوگی۔