اسلام ٹائمز۔ لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس یونیفل (UNIFIL) نے اعلان کیا ہے کہ غاصب اسرائیلی فوج کی جانب سے جنوبی لبنان میں رہائشی علاقوں میں ہونے والی تباہی، قرارداد 1701 کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے ایک بیان میں یونیفل نے کہا کہ جنوبی لبنان میں عام رہائشی علاقوں، زرعی زمینوں اور سڑکوں کے خلاف تخریب کاری پر مبنی اسرائیلی فوج کی مسلسل کارروائیوں پر گہری تشویش پائی جاتی ہے اور ہم اسرائیلی فوج سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مقررہ وقت کے اندر اندر عقب نشینی اختیار کر لے تاکہ لبنانی فوج تعینات ہو سکے اور قرارداد 1701 کو بھی مکمل طور پر لاگو کیا جا سکے۔
ادھر عبری زبان کے صیہونی اخبار ہآرٹز (Ha'aretz) نے بھی انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی فوج حزب اللہ لبنان کے ساتھ 60 روزہ جنگ بندی کی ڈیڈ لائن کے خاتمے کے بعد بھی جنوبی لبنان کی سرزمین پر اپنی موجودگی برقرار رکھنے کی تیاری کر رہی ہے۔ اسرائیلی اخبار کے مطابق قابض صیہونی فوج نے لبنان میں اپنی موجودگی کو برقرار رکھنے کا بہانہ؛ جنوبی لبنان پر لبنانی فوج کے مکمل کنٹرول کے حوالے سے جنگ بندی معاہدے کی شق پر "عدم عملدرآمد" بنا رکھا ہے درحالیکہ 60 روز کے اندر لبنان سے اسرائیلی فوج کا مکمل انخلاء بھی جنگ بندی معاہدے کی اہم شقوں میں سے ایک ہے۔ واضح رہے کہ اس وقت قابض صیہونی فوج کی جانب سے بارہا خلاف ورزیوں کے باوجود، لبنان میں جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد کے آغاز کو تقریباً 30 روز گزر چکے ہیں!