اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ چنا نے کہا ہے کہ حکومتی نااہلی و بے حسی کی وجہ سے سندھ کا ضلع کشمور مقبوضہ کشمیر، جبکہ ضلع کرم پاراچنار غزہ کی منظرکشی کر رہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پریس کلب کشمور کے نومنتخب باڈی کو مبارکباد دینے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نصراللہ چنا نے کہا کہ سندھ میں ڈاکو راج اور پاراچنار میں بے گناہ لوگوں کے قتل عام کے بعد علاج کی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے 100 سے زائد بچوں کی اموات پر حکمراں عذاب الہٰی سے ڈریں۔ انہوں نے کہا کہ کشمور سمیت سندھ سے لیکر پاراچنار تک قیام امن اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کیلئے اقدامات کرکے حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے۔