0
Monday 23 Dec 2024 10:53

مسلسل ٹارگٹ کلنگ، املاک کی ضبطگی کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا ہے، ڈی ایف پی

مسلسل ٹارگٹ کلنگ، املاک کی ضبطگی کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا ہے، ڈی ایف پی
اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے کشمیری نوجوانوں کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ اور شہری املاک کو ضبط کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان ایڈوکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں ان کارروائیوں کو علاقے کی مسلم اکثریتی آبادی کو پسماندگی کی طرف دھکیلنے کی ایک بڑی سازش کا حصہ قرار دیا۔ انہوں نے کولگام میں حال ہی میں پانچ نوجوانوں کی شہادت کا حوالہ دیتے ہوئے اسے بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیری نوجوانوں کو ختم کرنے کے لیے جعلی مقابلوں کی ایک اور مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کا قتل و غارت بلا روک ٹوک جاری ہے، شبانہ چھاپوں کے دوران لوگوں کو اغوا کر کے جعلی مقابلوں کا ڈرامہ رچایا جاتا ہے۔ ارشد اقبال نے جائیدادوں پر منظم طریقے سے قبضے کو معاشی طور پر کشمیر ی عوام کا گلا گھونٹنے کی دانستہ کوشش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کے اقدامات کا مقصد مسلم اکثریتی علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا ہے۔ ڈی ایف پی نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں خونریزی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے فوری مداخلت کریں۔
خبر کا کوڈ : 1179914
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش