اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) سندھ کے سینئر رہنما رانا احسان نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ کراچی میں وقار مہدی اور ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا کہ ن لیگ سندھ کے سینئر نائب رانا احسان نے اپنے ساتھیوں سمیت شمولیت اختیار کی ہے، ہمارے لیے خوشی کی بات ہے کہ رانا احسان نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے کہا کہ میں رانا احسان کو پیپلز پارٹی کو خوش آمدید کہتا ہوں، کراچی میں پیپلز پارٹی مضبوط ہورہی ہے، اب نسبتا الیکشن جیتنا آسان ہوجائے گا۔
اس موقع پر رانا احسان نے کہا کہ شمولیتی پروگرام اپنے حلقے میں کروں گا، کثیر تعداد میں لوگوں کو پی پی میں شمولیت کروائیں گے، میں مسلم لیگ (ن) کے مختلف عہدوں پر رہا ہوں، مرکزی و صوبائی عہدوں پر فائز رہا، 2018ء میں میں نے 2 انتخاب لڑے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب شہر میں دہشتگردی کا راج تھا تو میرے بھائی نے شہادت پیش کی، کافی عرصے بعد میں نے اپنے نظریے کو بدلا، اس کی وجہ پیپلز پارٹی ہے، اس شہر کی مقبول جماعت پیپلز پارٹی ہے، پیپلز پارٹی کارکنان کے ساتھ مشکل وقت میں کھڑی ہوتی ہے۔