اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے فاریسٹ ورکنگ پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فاریسٹ ورکنگ پلان پر عملدرآمد دیامر کے علماء اور عوام کا مطالبہ ہے۔ دیامر کے جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ورکنگ پلان پر من و عن عملدرآمد لازمی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے سیکریٹری جنگلات ورکنگ پلان پر عملدرآمد شروع کریں۔ جو کمپارٹمنٹ تیار ہیں ان کا مارکنگ آرڈر جاری کیا جائے۔ دیامر کی کمیونٹی اور علمائے کرام ورکنگ پلان پر قانون کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنانے اور کسی بھی قسم کی بے ضابطگی سے بچنے کیلئے محکمے کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
ورکنگ پلان پر عملدرآمد میں غیر ضروری تاخیر سے مسائل جنم لے سکتے ہیں۔ اجلاس کے موقع پر صوبائی سیکریٹری جنگلات نے فورم کو یقین دلایا کہ جو کمپارٹمنٹ مارکنگ کیلئے تیار ہیں ان کے مارکنگ آرڈرز آئندہ دو دنوں میں جاری کئے جائیں گے۔ دیامر کے علمائے کرام اور عوام نے ورکنگ پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے مثبت پیشرفت پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور سیکریٹری جنگلات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ قانون کے مطابق ورکنگ پلان پر عملدرآمد کیلئے محکمے کیساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا۔