اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کے رہنماء حافظ حمداللہ کا کہنا ہے کہ جے یو آئی کو مدارس رجسٹریشن بل میں ترمیم قبول نہیں ہے۔ کوئی تبدیلی کی گئی تو پھر فیصلہ ایوان نہیں، میدان میں ہوگا۔ اپنے جاری کردہ بیان میں حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ مدارس رجسٹریشن بل ایکٹ بن چکا، گیزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس بل کے معاملے پر حکومت سیاسی اور اخلاقی طور پر ہار چکی ہے۔ پارلیمنٹ سپریمیسی کا تقاضا ہے کہ پاس کردہ بل قانون تسلیم کیا جائے۔ پارلیمنٹ کے فیصلے کوئی اور نہ کرے یا حکومت تسلیم کرلے عوام کا راج نہیں ہے۔ مدارس بل پر گیند اب حکومتی کورٹ میں ہے اور وہ جلد فیصلہ کرلے تو بہتر ہے، یہ نا ہو کہ دیر ہو جائے۔