متعلقہ فائیلیںاسلام ٹائمز۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے 2022ء میں سیلاب متاثرین کی خصوصی مدد کی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے امریکا کے پاکستان میں مقرر سفیر ڈونلڈ بلوم نے بدھ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی، قائم مقام قونصل جنرل ایمی ہڈ بھی ملاقات میں شریک تھے۔ چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ اور پرنسپل سیکریٹری آغا واصف بھی ملاقات میں موجود ہیں، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ ڈونلڈ بلوم نے وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہی دی کہ میری بطور سفیر مدت مکمل ہونے والی ہے، پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے یہ الوداعی ملاقات ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ڈونلڈ بلوم کی بطور سفیر خدمات کو سراہا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے امریکی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی سفارتکاری میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات مزید مستحکم ہوئے، امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے 2022ء میں سیلاب متاثرین کی خصوصی مدد کی۔ امریکی سفیر نے وزیراعلی سندھ کے ان الفاظ اور حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ دورانِ ملاقات سندھ میں زرعی ترقی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم زراعت میں جدید ٹیکنالاجی، سیلاب سے محفوظ بیج اور فصلیں متعارف کرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کو ثقافتی تحائف اجرک، کھیس اور سندھی ٹوپی دیئے۔