اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء محمد رحیم کاکڑ نے فوری انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کی منتخب کردہ حکومت نہیں ہے۔ ملک کی بنیادیں مضبوط کرنے کیلئے اداروں کو کرپشن سے پاک کرنا ہوگا۔ اپنے بیان میں رحیم کاکڑ و دیگر نے کہا کہ موجودہ اسمبلیاں ختم کرکے ملک میں فوری طور پر انتخابات کرائے جائیں، کیونکہ موجودہ حکومت عوام کی منتخب کردہ نہیں ہے اور نہ ہی اسے عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی داخلی اور خارجی صورتحال تشویشناک ہے۔ امن و امان کی صورتحال ابتر اور عوام بے چینی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان کی ترقی و خوشحالی چاہتی ہے۔ ہم ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ملک کی بنیادیں مضبوط، تمام ادارے کرپشن سے پاک اور عوام کو روزگار میسر ہو۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں فوری طور پر نئے انتخابات اور بانی پی ٹی آئی سمیت تمام اسیر رہنماؤں کو رہا کیا جائے۔