اسلام ٹائمز۔ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ عرب میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حماس غزہ پٹی سے اسرائیلی فورسز کے مکمل انخلا اور مکمل جنگ بندی کی شرائط سے دستبردار ہو گئی ہے۔عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ حماس بیمار، عمر رسیدہ اور خواتین فوجی یرغمالیوں کی رہائی پر رضامند ہو گئی اور حماس نے عمر رسیدہ فلسطینی قیدیوں کی قطر اور ترکیہ منتقلی کی بھی حامی بھر لی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق حماس نے شمالی غزہ پٹی میں اسرائیلی چیک پوسٹوں کےقیام کی مخالفت کر دی ہے۔دوسری جانب غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق حماس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر اسرائیل نئی شرائط عائد نہ کرے تو جنگ بندی معاہدہ ہو سکتا ہے۔خبررساں ایجنسی کے مطابق قاہرہ میں غزہ جنگ بندی مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے جبکہ چند دن میں جنگ بندی ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔