0
Wednesday 18 Dec 2024 19:22

بی جے پی مذہب کے نام پر سماج کو تقسیم کرنے کی سازش کررہی ہے، تیج پرتاپ یادو

بی جے پی مذہب کے نام پر سماج کو تقسیم کرنے کی سازش کررہی ہے، تیج پرتاپ یادو
اسلام ٹائمز۔ سماج وادی پارٹی کے لیڈر تیج پرتاپ یادو نے حکمران جماعت بی جے پی پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخاب عوام بمقابلہ انتظامیہ تھا، جہاں بی جے پی نے جمہوری عمل کو متاثر کرنے کی کوشش کی، لیکن عوام نے بی جے پی کو واضح جواب دیتے ہوئے سماج وادی پارٹی کا ساتھ دیا۔ ضمنی انتخاب کے دوران ایک خاتون کے قتل کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے تیج پرتاپ یادو نے الزام لگایا کہ بی جے پی نے اس سانحے کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا۔ انہوں نے کہا "انتخاب کے دوران بی جے پی نے اس واقعے کو سماج وادی پارٹی کے خلاف ہتھیار بنایا، لیکن جیسے ہی انتخابات ختم ہوئے یہ معاملہ دب گیا، یہ ظاہر کرتا ہے کہ بی جے پی صرف لاشوں پر سیاست کرتی ہے"۔

اترپردیش حکومت کے عبوری بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے تیج پرتاپ یادو نے کہا "بجٹ خواہ جتنا بھی بڑا ہو لیکن زمینی سطح پر ترقی کہیں دکھائی نہیں دیتی، سڑکوں کی حالت خراب ہے، بجلی کا نظام درہم برہم ہے، پلوں کی تعمیر رکی ہوئی ہے اور بے روزگاری عروج پر ہے"۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت مستقل روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے اور معاہدہ بنیاد پر ملازمتوں کو فروغ دے رہی ہے، جو نوجوانوں کے مستقبل کے لئے خطرناک ہے۔ تیج پرتاپ یادو نے مہاکمبھ کی تیاریوں پر موجودہ حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ سماج وادی پارٹی کے دورِ حکومت میں مہاکمبھ کے دوران بہترین انتظامات کئے گئے تھے، جسے بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا تھا۔ انہوں نے کہا "موجودہ حکومت میں مہاکمبھ کے انتظامات پر سوالیہ نشان ہیں، حکومت کو چاہیئے کہ وہ زائرین کے لئے بہتر انتظامات کرے تاکہ انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے"۔

اقلیتوں کے تحفظ کے دن کے موقع پر تیج پرتاپ یادو نے ریاستی اور مرکزی حکومتوں پر اقلیتوں کے ساتھ ناانصافی اور امتیازی سلوک کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا "اقلیتوں کو مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے۔ حالیہ مثال سنبھل کی ہے، جہاں حکومت کی نیت صاف طور پر ظاہر ہوئی"۔ انہوں نے کہا کہ مسجد کے امام کی گرفتاری یہ بتاتی ہے کہ بی جے پی حکومت مذہب کے نام پر سماج کو تقسیم کرنے کی سازش کر رہی ہے۔ "ون نیشن ون الیکشن" کے حوالے سے تیج پرتاپ یادو نے کہا کہ یہ منصوبہ علاقائی جماعتوں کو کمزور کرنے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا "اگر یہ قانون نافذ ہوگیا تو ریاستوں کے مقامی مسائل دب جائیں گے اور بی جے پی کی سازش کامیاب ہو جائے گی، اس سے علاقائی پارٹیاں کمزور ہوں گی، جس کا نقصان عوام کو ہوگا"۔

تیج پرتاپ یادو نے بی جے پی پر انتخابی فائدے کے لئے جھوٹے وعدے کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ راجستھان اور مدھیہ پردیش میں انتخابات کے دوران گیس سلنڈر کی قیمتیں کم کی گئیں، لیکن انتخابات کے فوراً بعد قیمتیں دوبارہ بڑھا دی گئیں، اب عوام بی جے پی کی حقیقت سمجھ چکی ہے۔ تیج پرتاپ یادو نے اپنے بیان کے آخر میں کہا کہ وہ عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے اور ریاست کی اہم مسائل کو اسمبلی میں پوری طاقت کے ساتھ اٹھائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 1179077
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش