اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ مرغی، دالوں کی قیمتیں مڈل مین کے کردار کے باعث کم نہیں ہو رہیں۔ شہر اقتدار میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ معاشی میدان میں اہم کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے، کرنٹ اکاؤنٹ 10 سال بعد سرپلس ہونا اہم پیشرفت ہے، ترسیلات زر میں 35 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یقین ہے کہ ترسیلات زر 35 ارب ڈالر سے بڑھ جائیں گی، برآمدی شعبے میں بھی مثبت رجحان ہے۔ مہنگائی ساڑھے 6 سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہے، سٹیٹ بینک نے مسلسل پانچویں بار پالیسی ریٹ میں کمی کی ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پالیسی ریٹ کا 13 فیصد پر آنا معیشت کے لیے اہمیت کا حامل ہے، کاروباری برادری کے اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، معاشی استحکام کے ساتھ شرح نمو میں اضافہ ترجیح ہے، سیمنٹ کی فروخت میں 5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ ای سی سی میں ایک ماہ قبل مہنگائی کا احاطہ کیا تھا، آج کے ای سی سی میں پہلا ایجنڈا قیمتیں کم کرنے پر ہو گا، پرامید ہوں معاشی بہتری کا سفر جاری رہے گا۔ وفاقی وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ سوال اٹھایا جاتا ہے کہ عام آدمی پر معاشی بہتری کا اثر کیوں نہیں پڑ رہا۔ مرغی، دالوں کی قیمتیں مڈل مین کے کردار کے باعث کم نہیں ہو رہیں، مرغی، دالوں کی قیمتیں دنیا بھر میں کم ہوئیں ہم بھی مانیٹر کریں گے۔