0
Wednesday 18 Dec 2024 18:19

طلباء یونین کے کارکن عمر خالد کو چار برس بعد جیل سے ضمانت ملی

طلباء یونین کے کارکن عمر خالد کو چار برس بعد جیل سے ضمانت ملی
اسلام ٹائمز۔ دہلی فسادات سے متعلق کیس میں جیل میں بند جواہر لعل یونیورسٹی (جے این یو) کے سابق طالبعلم عمر خالد کو بدھ 18 دسمبر کو عدالت سے بڑی راحت ملی ہے۔ دہلی کی ککڑڈوما عدالت نے انہیں سات دن کی عبوری ضمانت دی ہے۔ عدالت نے عمر خالد کی 28 دسمبر سے 3 جنوری تک عبوری ضمانت منظور کر لی ہے۔ عمر خالد نے اپنے کزن بھائی اور بہن کی شادی میں شرکت کے لئے 10 روز کے لئے عبوری ضمانت کی درخواست کی تھی۔

غور طلب ہے کہ دسمبر کے شروعات میں عمر خالد اور میران حیدر نے مقدمے میں تاخیر اور طویل قید کی بنیاد پر ضمانت سے درخواست کی تھی۔ اس معاملے میں پولیس نے جواب پیش کرنے کے لئے وقت مانگا تھا۔ 2020ء کے دہلی فسادات میں 53 افراد ہلاک اور 700 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔ اس واقعے کے بعد عمر خالد کو 13 ستمبر 2020ء کو گرفتار کیا گیا تھا، وہ چار سال سے زیادہ عرصے سے جیل میں ہے۔

7 دسمبر کو دہلی ہائی کورٹ میں عمر خالد کی باقاعدہ ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ اس دوران عمر خالد کے وکیل نے ہائی کورٹ کو بتایا کہ ان کے خلاف تشدد یا پیسے بٹورنے کا کوئی الزام نہیں ہے۔ وکیل تردیپ پیس نے کہا کہ عمر خالد کی جانب سے واحد براہ راست کارروائی امراوتی، مہاراشٹر میں دی گئی تقریر تھی، حتیٰ کہ اس تقریر میں خالد کی جانب سے تشدد کا کوئی مطالبہ نہیں کیا گیا تھا۔

عمر خالد نے سپریم کورٹ میں ضمانت کی درخواست بھی دائر کی تھی۔ تاہم عدالت نے انہیں نچلی عدالت سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا۔ اس کے بعد عمر خالد نے اپنی درخواست واپس لے لی۔ عمر خالد پر آئی پی سی، 1967 آرمز ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت الزام عائد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت بھی الزامات درج کئے گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1179070
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش