0
Wednesday 18 Dec 2024 17:01

حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات، ایاز صادق سہولت کاری کیلئے تیار

حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات، ایاز صادق سہولت کاری کیلئے تیار
اسلام ٹائمز۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے معاملے پر سپیکر قومی اسمبلی سہولت کاری کیلئے تیار ہوگئے، سردار ایاز صادق نے مذاکرات کیلئے دروازے کھول دیئے۔ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا ہے کہ حکومت اپوزیشن مذاکرات کیلئے میرا آفس اور گھر ہر وقت حاضر ہے، حکومت اپوزیشن میں تلخیاں ختم کرنے کے لئے مذاکرات ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی ایشوز سمیت کسی بھی معاملے پر مذاکرات میں کردار ادا کرنے کو تیار ہوں، کل ایوان میں ہونیوالی بحث خوش آئند تھی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت کی جانب سے اسمبلی کے فلور پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مذاکرات کی دعوت دی گئی تھی۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ حکومت ہر ایشو پر پی ٹی آئی سے بات کرنے کو تیار ہے۔ پی ٹی آئی رابطہ کرے گی تو حکومت سیاسی ڈائیلاگ کیلئے تیار ہے۔ پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی حکومت کو مذاکرات کا پیغام بھیجے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ مذاکرات کی باضابطہ شروعات نہیں ہوئی، بات چیت کیلئے ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے، گن پوائنٹ پر مذاکرات نہیں ہوسکتے، پی ٹی آئی نے سول نافرمانی کی بندوق تان رکھی ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے راہنما شیر افضل مروت نے بھی سیاسی قائدین کو مل بیٹھنے کا مشورہ دیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ جب تک سیاسی قوتیں ایک ہو کر نہیں بیٹھیں گی، مذاکرات کامیاب نہیں ہو سکتے۔ علاوہ ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ مذاکرات کیلئے جس سے رابطے ہونے ہیں ہو جائیں گے، بات تب آگے بڑھے گی جب ہمارے مطالبات پر کھل کر بات ہو، ہمارے شکوے شکایتیں دور کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم خود سے کوئی کام نہیں کرتے، بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ہدایات لیتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1179054
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش