0
Tuesday 10 Dec 2024 12:51

برسلز، انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر یوتھ کانفرنس کا انعقاد

برسلز، انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر یوتھ کانفرنس کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر کشمیر کونسل ای یو کے زیراہتمام یورپی پریس کلب برسلز میں کشمیریوں کے انسانی حقوق کے حوالے سے آگاہی کیلئے یوتھ کانفرنس منعقد کی گئی۔ ذرائع کے مطابق ”امن کی جانب، مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کشمیریوں کے انسانی حقوق کے احترام کی ضرورت” کے عنوان سے کانفرنس میں بڑی تعداد میں نوجوانوں خاص طور پر طلبا نے شرکت کی۔کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فورسز کے ہاتھوں بڑی پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا گیا۔ کانفرنس کے مقررین میں چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید، ممتاز دانشور شیراز راج اور مقامی کونسلر چوہدری محمد ناصر، یورپی دانشور اندرے بارکس، پروفیسر روبینہ شاہ اور متحرک طلبا سلیمان صدیق، زروان غامدی، امینہ اقبال، شہزاد نواز، سید جعفر شاہ اور سید ہادی شاہ شامل تھے۔ مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں رکوانے کی اپیل کی۔ انہوں نے یورپی یونین اور دیگر بین الاقوامی اداروں پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی بحالی کے لیے موثر کردار ادا کریں اور خاص طور پر حق خودارادیت کے حصول میں کشمیریوں کی مدد کریں۔

مقررین نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے یورپ کے مختلف ملکوں کے نوجوانوں میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کا عالمی دن دنیا بھر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کرنے اور متاثرہ افراد کے ساتھ یکجہتی کا موقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے میں یورپی یونین کا کردار اہم ہے اور اہم توقع رکھتے ہیں کہ یورپی یونین کشمیریوں کے حقوق کی پامالیوں کو روکنے کے لیے بھی اقدامات کرے گی۔علی رضا سید نے اس کانفرنس کے انعقاد کو مسئلہ کشمیر پر کشمیر کونسل ای یو کی آگاہی مہم کی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی نوجوان کشمیریوں کے انسانی حقوق کو بہتر طور پر اجاگر کر سکتے ہیں۔

کانفرنس کے اختتام پر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت اور انسانی حقوق کے احترام کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا اور تاکید کی گئی کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں بند ہونے سے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی راہ ہموار ہو گی۔ واضح رہے کہ انسانی حقوق کا عالمی دن ہر سال 10 دسمبر کو منایا جاتا ہے، یہ دن 1948ء میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کے عالمی اعلامیہ کی منظوری کی یاد میں منایا جاتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1177522
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش