0
Sunday 8 Dec 2024 23:14

اہل شام کو آزادی کی صبح مبارک ہو، آصف لقمان قاضی کی شامی باغیوں کو مبارکباد

اہل شام کو آزادی کی صبح مبارک ہو، آصف لقمان قاضی کی شامی باغیوں کو مبارکباد
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی نے کہا ہے کہ اہل شام کو آزادی کی صبح مبارک ہو۔ شامی باغیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے آصف لقمان قاضی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ چھ دہائیوں پر مشتمل ظلم اور وحشت کی طویل رات کا خاتمہ ہوا جبکہ آزادی، انسانی شرف و احترام، عدل و انصاف کے ماحول میں جینا ہر قوم کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی آمر کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ قوم کے ارمانوں کا خون کرے، انسانی لاشوں کی اساس پر اپنے محلات کی تعمیر کرنے کا حق کسی آمر کو نہیں پہنچتا۔ آصف لقمان کا کہنا تھا کہ مجبور اور مظلوم شامی عوام پر اپنے وطن کی فضائیں حرام کر دی گئی تھیں، شامی عوام کو قومی زندگی کا نیا آزاد دور مبارک ہو، یہ اللہ کے شکر اور دعا کا وقت ہے۔

ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی نے کہا کہ اسلامی تہذیب کے حوالے سے ارض شام کو مرکزی حیثیت حاصل ہے، آزادی شام کے علمبرداروں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، نیا ملک شام پرانے شام سے مختلف ہونا چاہیئے، ظلمتوں کا خاتمہ نور رحمت کے فروغ سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ مزاحمت کی عبوری قومی مجلس نے تمام اہل شام کو امن، احترام، عدل اور حریت کا یقین دلایا ہے، ان کے اعلانات امید افزا ہیں اور دشمن کی پھیلائی گئی غلط فہمیوں کا تدارک کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابھی تو دمشق کے دروازے کھلے ہیں، ابھی القدس کی آزادی کی منزل تو باقی ہے، ہم ارض شام کی آزادی کے علمبرداروں کے اس اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں، آزادی کے حصول کے لئے دور جدید کے اس عظیم انقلاب کی صورت گری ہم سب مل کر کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 1177210
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش