0
Sunday 8 Dec 2024 21:19

صوبے کے تمام اضلاع میں ترقیاتی منصوبے شروع کئے جائیں گے، وزیراعلیٰ کے پی

صوبے کے تمام اضلاع میں ترقیاتی منصوبے شروع کئے جائیں گے، وزیراعلیٰ کے پی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی منصوبے شروع کئے جائیں گے، علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت ڈی آئی خان میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس ہوا جس میں اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ڈی آئی خان کے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام کے جاری منصوبوں کے تحت ان شعبوں میں ڈی آئی خان میں 19 بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے، جن کی لاگت 70 ارب روپے ہے، اور رواں مالی سال کے بجٹ میں 6.1 ارب روپے مختص ہیں، اب تک 724 ملین روپے جاری کئے گئے ہیں۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ڈی آئی خان کے 25 نئے اہم منصوبے شامل کئے گئے ہیں،  ان منصوبوں کی کل لاگت 23.8 ارب روپے ہے جن کے لئے رواں مالی سال کے بجٹ میں 1.4 ارب روپے مختص ہیں، رواں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ڈی آئی خان میں 12 ترجیحی منصوبے شارٹ لسٹ کئے گئے ہیں، ان منصوبوں میں گرلز کیڈٹ کالج کا قیام، پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے سیٹلائٹ سنٹر، برن سنٹر، کیتھ لیب، فلائی اورز کی تعمیر، گرلز کامرس کالج کا قیام، تعلیمی بورڈ کے لیے نئی عمارت کی تعمیر، ٹانک اڈہ کی منتقلی بھی ان 12 منصوبوں میں شامل ہے، گومل زام ڈیم کے واٹر کورسز کی تعمیر، ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پلان، اور کھیلوں کے منصوبے بھی ان ترجیحی منصوبوں کا حصہ ہیں، فلائی اوورز کی تعمیر کے لیے 357 ملین روپے ریلیز کر دیے گئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے ان منصوبوں پر پیشرفت کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے  متعلقہ حکام کو عوامی فلاح و بہبود کے ان منصوبوں پر مقررہ ٹائم لائینز کے مطابق عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی منصوبے شروع کئے جائیں گے، ضم اضلاع اور دیگر پسماندہ اضلاع کو ترقیاتی منصوبوں میں ترجیح دی جائے گی، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 1177193
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش