اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما سابق پارلیمانی لیڈر و سابق وزیر سیاحت و ٹرانسپورٹ محمد طاہر کھوکھر نے کہا ہے کہ ہم آزاد کشمیر کی داخلی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، آزاد کشمیر ایک ریاست ہے جس کا اپنا ایک وقار ہے، ریاست جموں و کشمیر کی تاریخ اس وقت کی ہے جب برصغیر تھا کشمیری عوام اپنی ریاست کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔ اس وقت مقبوضہ کشمیر کو بھارت نے جیل میں تبدیل کیا ہوا ہے، کشمیری عوام آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، ان شہدائے کشمیر کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائینگی جو اپنے وطن اور اسلام کے نام پر اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں۔ طاہر کھوکھر نے کہا کہ ریاستی تشخص اور آزاد حکومت کو مزید بااختیار بنایا جائے، تحریک آزادی کے بیس کیمپ سے مقبوضہ کشمیر میں موثر پیغام جاتا ہے۔ ریاستی تشخص اور آزاد کشمیر کی آئینی حیثیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ ریاست جموں و کشمیر کے عوام اپنی ریاست کے وقار اور اپنی شناخت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، ہمارے لیے سب سے پہلے ہمارا کشمیر ہماری ریاست ہے، کشمیری عوام پاکستان کو اپنا بڑا بھائی سمجھتے ہیں اور کشمیری عوام، پاکستان کے جغرافیائی، معاشی، دفاعی اور نظریاتی تحفظ کا ہمیشہ دفاع کرتے ہیں۔