0
Thursday 28 Nov 2024 12:05

پاکستان اسٹاک ایکسچنج میں پوائنٹس ایک لاکھ کی حد عبور کرنے پر وزیر اعظم کی قوم کو مبارکباد

پاکستان اسٹاک ایکسچنج میں پوائنٹس ایک لاکھ کی حد عبور کرنے پر وزیر اعظم کی قوم کو مبارکباد
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس کے ایک لاکھ پوائنٹس سے تجاوز کرنے پر پوری قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹاک ایکسچینج کا تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک لاکھ پوائنٹس سے تجاوز کرنا حکومتی پالیسیوں پر کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے بھروسے کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سنگ میل کو عبور کرنے کے لیے حکومتی معاشی ٹیم اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مصروف عمل حکام لائق تحسین ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے اپنی قوم سے عہد کیا تھا کہ ملکی معاشی استحکام اور ملکی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔
 
وزیراعظم شہبازشریف نے باور کرایا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے اپنی سیاست کی قربانی دی، اللہ کے فضل و کرم سے یہ قربانی رائیگاں نہیں گئی، ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید کمی ہوئی ہے، شرح سود 15 فیصد اور ترسیلاتِ زر ریکارڈ سطح پر پہنچ چکے۔ اس سے پہلے پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے نئی تاریخ رقم کر لی تھی، بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور کر گیا۔ جمعرات کو کاروباری دن کے آغاز پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بینچ مارک کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس 1210 پوائنٹس اضافے کے بعد ایک لاکھ پوائنٹس کا تاریخی سنگ میل عبور کر گیا۔
 
 قابل ذکر ہے کہ اسٹاک مارکیٹ 17 ماہ قبل صرف 40 ہزار پوائنٹس کی سطح پر موجود تھی اور صرف 17 ماہ کے عرصے میں مارکیٹ نے 60 ہزار پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ کا سنگ میل عبور کیا ہے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا احتجاج ختم ہونے کے نتیجے میں سیاسی بےیقینی میں کمی کے بعد بدھ کو 100 انڈیکس 4 ہزار 695 پوائنٹس کے تاریخی اضافے سے 99 ہزار 269 کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا کہ کے ایس ای 100 انڈیکس میں ایک ہی دن میں 4 ہزار 695 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 1175324
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش