اسلام ٹائمز۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کیطرف سے مختلف اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروئیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ فورسز اہلکاروں نے اس دوران درجنوں نوجوانوں کو حراست میں لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز، سینٹرل ریزرو پولیس فورس، سپیشل آپریشن گروپ اور ویلج ڈیفنس گارڈز کے اہلکاروں نے ضلع کٹھوعہ میں ایک درجن سے زائد نوجوانوں کو گرفتار کیا۔ بھارتی فورسز نے نوجوانوں کی گرفتاری کا جواز فراہم کرنے کیلئے ان پر مجاہدین کے ساتھ کام کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ بھارتی فورسز نے کشتواڑ، ڈوڈہ، راجوری، پونچھ، ادھم پور اور ریاسی سمیت اضلاع کے مختلف علاقوں میں بھی تلاشی کی کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔ ان علاقوں سے بھی کئی نوجوانوں کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات ہیں۔بھارتی فورسز اہلکاروں نے گھروں پر چھاپوں کے دوران جائیدادوں کی دستاویزات اور الیکٹرانک ڈیوائسز بھی ضبط کی ہیں۔ ادھر بھارتی پولیس نے ضلع ریاسی کے علاقے کٹرا میں بپندر سنگھ اور سوہن چند کو گرفتار کر لیا ہے۔انہیں قابض انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف علاقے میں ہونے والے ایک مظاہرے میں حصہ لینے پر گرفتار کیا گیا۔ دریں اثنا، بھارتی پولیس نے ادھمپور اور سامبا اضلاع سے بھی راکی سہگل اور مراد علی نامی دو افراد کو گرفتار کیا۔