اسلام ٹائمز۔ سابق سپیکر قانون ساز اسمبلی گلگت بلتستان حاجی فدا محمد ناشاد نے پارا چنار واقعے پر تحریک انصاف کے قائدین کی خاموشی اور مذمتی بیانات تک نہ دینے پر احتجاج کرتے ہوئے پی ٹی آئی سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا اور پی ٹی آئی پارٹی کو خیرباد کہہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ میرا ضمیر اس پارٹی میں مطمئن نہیں جو دہشت گردی کرنے والوں کی مذمت تک نہ کرے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاراچنار میں جو ظلم ہوا ہے ہم اسکی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور میں ذاتی طور پر اس واقعہ کے بعد پی ٹی آئی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں۔
انھوں نے کہا کہ میں اس سے قبل پی ٹی آئی پارٹی میں مکمل شامل تھا اور پارٹی کے اہم عہدے پر بھی فائز رہا۔ خیبر پختونخواہ میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے، علی امین گنڈاپور اس صوبے کے وزیر اعلی ہیں، ابھی تک ان کی جانب سے نہ اس واقعہ کے خلاف مذمتی بیان آیا ہے اور نہ ابھی تک ان دہشت گردوں کے خلاف کوئی قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کریں کم ہے، اسی وجہ سے میں نے پی ٹی آئی چھوڑ دی ہے اور آج کے بعد میرا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔