اسلام ٹائمز۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے بدھ کے روز کہا کہ انقرہ غزہ میں قتل عام روکنے اور لبنان میں جنگ بندی کو مستحکم کرنے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ فارس نیوز کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوغان نے آج (بدھ) اپنے خطاب میں اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ لبنان کے جنگ بندی معاہدے کا مکمل احترام کرے۔ اردوغان نے حزب العدالہ و ترقی کے پارلیمانی نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکی غزہ میں قتل عام روکنے اور لبنان میں جنگ بندی کو مستحکم کرنے کے لیے ہر طرح کی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
خبر رساں ادارہ آناتولی کے مطابق، اردوغان نے کہا کہ اسرائیل کو لبنان کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کا احترام کرنا چاہیے، اور ہم توقع کرتے ہیں کہ تمام فریقین، خاص طور پر اسرائیل، حقیقت میں عملی طور پر میدان میں سکون کی حفاظت کے لیے کام کریں گے۔ ترک صدر نے لبنان میں جنگ بندی کے نفاذ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اسرائیل پر دباؤ ڈالنا چاہیے تاکہ وہ غزہ میں جنگ بند کرے اور فوری طور پر اس علاقے میں امداد بھیجے۔ اردوغان نے یہ بھی کہا کہ ہم غزہ میں جنگ بندی کے حصول کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔