اسلام ٹائمز۔ صدر عوامی نیشنل پارٹی ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی لیڈر شپ کرسی کیلئے ورکرز کو استعمال کررہی ہے۔ پشاور میں ایمل ولی خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی راہنماؤں کی جانب سے کارکنوں کو کہا جاتا ہے کفن باندھ کرجانا ہے، خود کارکنوں کو گرم میدان میں چھوڑ کر بھاگ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کے دوران پی ٹی آئی کے ایم این ایز، ایم پی ایز کو کچھ نہیں ہوا، صرف ورکرز کو نشانہ بنایا گیا، کارکنوں کو اسلام آباد، پنجاب کی کرسی کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔
صدر اے این پی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں سکیورٹی صورتحال بہت خراب ہے، پی ٹی آئی کی لیڈرشپ کرسی کے لیے ورکرز کو استعمال کررہی ہے۔ وفاقی حکومت کی لاٹھی،گ ولی صرف ورکرز تک محدود ہے، ایک گولی،لاٹھی کا کوئی لیڈر نشانہ نہیں بنا۔ایمل ولی خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت ڈرامے بازی بند کرے اور صوبے کے امن و امان پر توجہ دے۔ یہ پی ٹی آئی کے شہدا ہیں، خیبرپختونخوا کے نہیں، پی ٹی آئی اپنے وسائل سے کارکنوں کو معاوضہ دے، تحریک انصاف کی موجودہ لیڈرشپ نہیں چاہتی عمران خان رہا ہوں۔