اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلی کے کی کے علی امین گنڈاپور کا قافلہ کٹی پہاڑی پر رکاوٹیں ہٹا کر اسلام آباد کے قریب پہنچ گیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق جب اکتوبر میں خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی علی امین گنڈاپور نے عمران خان کی ہدایت پر اسلام آباد کی طرف مارچ کیا تھا تو ان کا قافلہ مارگلہ ایونیو کا راستہ اختیار کرتے ہوئے وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون پہنچا تھا۔ اس بار ان کا قافلہ ہکلہ انٹرچینج پہنچ چکا ہے مگر یہ کس راستے سے اسلام آباد داخل ہوگا، تاحال یہ غیر واضح ہے۔ اگر ایک نظر گوگل میپس پر ڈالی جائے تو درجنوں سرخ نشانات اسلام آباد کے داخلی راستوں کی بندش کو ظاہر کر رہے ہیں۔ تاہم اس قافلے کے پاس کنٹینر جیسی رکاوٹوں کو ہٹانے کے لیے مشینری موجود ہے۔ ہکلہ انٹرچینج سے بذریعہ مارگلہ ایونیو ڈی چوک کا فاصلہ قریب 40 کلومیٹر بنتا ہے۔