اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کوئٹہ کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت اپنی تمام تر قوت تحریک انصاف کے پرامن احتجاج کو سبوتاژ کرنے کے لئے استعمال کر رہی ہے۔ پورے ملک میں پارٹی قائدین اور کارکنوں کے خلاف نہ ختم ہونے والا کریک ڈاؤن کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ اپنے بیان میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں محمد رحیم کاکڑ، جمیل بوستان ایڈووکیٹ، میر وائس ایڈووکیٹ و دیگر نے کہا ہے کہ حکومت جان بوجھ کر پی ٹی آئی کے پرامن احتجاج کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ ملک بھر میں پی ٹی آئی کے قائدین اور کارکنوں کی گرفتاریوں اور راستے بند کرنے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ پاکستان تحریک انصاف حقیقی آزادی اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی تک اپنا احتجاج جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے 24 نومبر کو اسلام آباد ڈی چوک پر احتجاج کی کال دی۔ جس کے بعد وفاقی اور صوبائی حکومتیں بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہیں۔ پورے ملک میں پارٹی قائدین اور کارکنوں کے خلاف نہ ختم ہونے والا کریک ڈاؤن کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، مگر قائدین اورکارکن ایسے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے احکامات کے باوجود حکومت کا انہیں بے بنیاد مقدمے میں دوبارہ گرفتار کرنا حکومتی بوکھلاہٹ کو ظاہر کر رہا ہے۔ وہ دن دور نہیں جب پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان تمام بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات میں سرخرو ہوں گے۔