اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری تنظیم سازی علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا ہے کہ پارہ چنار میں کچھ عناصر دانستہ طور پر مذہبی منافرت اور قتل و غارت گری کو ہوا دے رہے ہیں۔ سرعام راستے روک کر مسافروں کو قتل کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی امامبارگاہ سبی میں وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مقصود ڈومکی اور ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے ایک وفد کے ہمراہ مرکزی امام بارگاہ نقویہ سبی میں منعقد ہونے والے اجلاس میں شرکت کی۔ جس میں مختلف دینی اور تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں مجلس وحدت مسلمین صوبہ بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی اور مجلس علماء مکتب اہلبیت کے صوبائی جنرل سیکریٹری مولانا ذوالفقارعلی سعیدی ان کے ساتھ تھے۔
اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اتحاد بین المسلمین کے لئے سرگرم عمل ہے۔ بلوچستان اور کے پی کے میں دہشت گردی کے سانحات افسوسناک ہیں۔ ریاستی ادارے ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پارہ چنار میں جان بوجھ کر شیعہ سنی منافرت کو ہوا دی جا رہی ہے۔ کچھ عناصر دانستہ طور پر پارہ چنار میں مذہبی منافرت اور قتل و غارت گری کو ہوا دے رہے ہیں۔ پارہ چنار کے معصوم اور بے گناہ شہریوں کا قتل عام قابل مذمت ہے۔ سرعام راستے روک کر مسافروں کو قتل کیا جا رہا ہے، جو کہ حکومت اور ریاستی اداروں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان نے ہمیشہ ظلم کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ ہم نے فلسطین اور لبنان کے مظلوموں سے لے کر پارہ چنار کے مظلوموں کی حمایت کی ہے۔