اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے کراچی میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جی بی کی تعمیر و ترقی اور اصلاحات میں پاکستان پیپلز پارٹی نے قابل تحسین کردار ادا کیا ہے۔ جی بی میں ہیلتھ سیکٹر کی بہتری کیلئے ڈاکٹروں اور جنرل نرسز کی کمی دور کرنے کیلئے سندھ حکومت کا تعاون درکار ہے، اس حوالے سے سندھ کے میڈیکل و نرسنگ کالجز اور انجینئرنگ یونیورسٹیز میں گلگت بلتستان کے طالب علموں کیلئے سیٹوں میں اضافہ کیا جائے۔ سندھ کج پبلک سیکٹر یونیورسٹیز میں بھی آئی ٹی سمیت دیگر اہم شعبوں میں گلگت بلتستان کے طالب علموں کیلئے سیٹوں میں اضافہ کیا جائے۔ جی بی کے طالب علم اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے بڑی تعداد میں کراچی آتے ہیں۔ آپ سے گزارش ہے کہ گلگت بلتستان کے طالب علموں کیلئے مخصوص ہاسٹل تعمیر کریں تاکہ سندھ میں جی بی کے طالب علموں کو رہائش کا مسئلہ درپیش نہ ہو۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اس موقع پر سیٹوں میں اضافے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سندھ کے میڈیکل و نرسنگ کالجز اور انجینئرنگ یونیورسٹیز، پبلک سیکٹر کی یونیورسٹیز میں بھی گلگت بلتستان کے طالب علموں کیلئے سیٹوں میں اضافے کیا جائے گا۔ انہوں نے کراچی میں زیر تعلیم طالب علموں کیلئے ہاسٹل تعمیر کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر گلگت بلتستان میں این آئی سی وی ڈی قائم کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکہ صحت کے شعبے کی بہتری سمیت تمام شعبوں میں حکومت جی بی کیساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔