اسلام ٹائمز۔ عرب لیگ کے قانون ساز ادارے کی حیثیت سے عرب پارلیمنٹ نے غاصب صیہونی رژیم کے عراقی سرزمین پر ممکنہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
آج صبح جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں عرب لیگ کے پارلیمنٹ نے عراقی خودمختاری و جغرافیائی سلامتی کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے عراقی اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر زور دیا۔ الجزیرہ کے مطابق عرب پارلیمنٹ نے تاکید کی کہ وہ عالمی برادری، اس کے اداروں اور فعال ممالک سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ قابض صیہونی رژيم پر دباؤ ڈالتے ہوئے، پورے مشرق وسطی کو خطے بھر کی جنگ میں جھونک دینے پر مبنی اس کے مذموم منصوبے کو ناکام بنائیں کیونکہ یہ صیہونی منصوبہ ''خطے بھر کی سلامتی و استحکام کے لئے نقصان دہ ہے"۔ عرب پارلیمنٹ نے کہا کہ قابض صہیونی رژیم سب سے پہلے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی قراردادوں پر عملدرآمد کرے اور قتل عام و نسل کشی پر مبنی اپنی وحشیانہ جنگ کو فوری طور پر روکتے ہوئے مقبوضہ فلسطین و لبنان کے خلاف جاری اپنی جارحیت بند کرے!