اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر و امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی نے کوئٹہ سے اغواء ہونیوالے کمسن طالب علم کی بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے امن و امان کی صورتحال اور پولیس کی کارکردگی سے متعلق تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں علامہ علی حسنین حسینی نے کہا کہ کوئٹہ میں گزشتہ چند مہینوں کے دوران جرائم کی وارداتوں میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔ جس نے محکمہ پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے ہیں۔ عوام کوئٹہ شہر میں اپنی جان و مال کو محفوظ نہیں سمجھتے ہیں۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جرائم کی روک تھام کی بجائے حکومت کے سیاسی مخالفین کو دبانے، کارکنوں کو ہراساں کرنے اور دیگر سرگرمیوں میں مبتلہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سے کمسن طالب علم کو گھر سے اسکول جاتے ہوئے نامعلوم افراد نے اغواء کر لیا ہے۔ جسکی شدید مذمت کرتے ہیں۔ دوسری جانب ہماری پولیس فورس تمام تر سہولیات میسر ہونے کے باوجود ایک بچے کی بازیابی میں بھی کامیاب نہیں ہو پا رہی ہے۔ علامہ علی حسنین نے مطالبہ کیا کہ کمسن بچے کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس شہر کے دیگر علاقوں بلخصوص علمدار روڈ، ہزارہ ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں میں بھی جرائم کی روک تھام پر خصوصی توجہ دے۔ گزشتہ چند مہینوں کے دوران محلے کے اندر موٹر سائیکل چوری اور دیگر جرائم کی کوششوں میں اضافے کے باعث پرامن عوام میں تشیوش پائی جا رہی ہے۔ پولیس علاقہ مکینوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے۔