اسلام ٹائمز۔ اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی محمد کاظم میثم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ججز کی تقرریوں میں بلتستان ریجن کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے، حکومت اور ریاستی ادارے تمام ریجنز کے ساتھ مساویانہ سلوک کریں، مالیاتی وسائل، انتظامی یونٹس ہو یا دیگر ہیومن ریسورسز کی تقسیم عدل کے تقاضے پورے نہ کیے گئے تو معاملات بگڑ جائیں گے، گلگت بلتستان میں کسی بھی حلقے یا ریجن کے ساتھ ناانصافی قبول نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ گرلز ڈگری کالج چلاس کی طالبات کے مطالبات کی حمایت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں دیامر ریجن میں تعلیمی سہولیات فراہم کرنے میں کسی قسم کی غفلت نہ کی جائے۔ غذر کی بیٹی سارا میر کو ہراساں کرنا قابل مذمت عمل ہے، گلگت بلتستان کی بیٹی کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ سارا میر کی پاکستان کے مختلف شہروں میں موجود عزیزوں کو ہراساں کرنا گلگت بلتستان کے لیے اچھا پیغام نہیں جاتا، گلگت بلتستان کی بیٹی ہو یا کوئی بھی فرد پاکستان کی مین سٹریم پارٹیوں میں سرگرمیوں سے روکنا کل کے لیے بحران کا باعث ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں مین سٹریم پارٹیاں کو نوگو بنائے تو ایسا وقت آئے گا کہ وفاقی سیاسی جماعتوں کے لیے جی بی نو گو بنے گا، ملکی پولرائزیشن کو جی بی میں توسیع دینا انتہائی خطرناک ثابت ہوگا۔ ملکی سیاسی صورتحال اور سیاسی نظام سے عوام مایوس ہوتے جا رہے ہیں، عوام کی مایوسی قومی سانحہ کہلاتا ہے۔