اسلام ٹائمز۔ "عدل و قسط" کے مرکزی عنوان کے تحت منعقدہ کل ہند اجتماع ارکان جماعت اسلامی ہند کا وادی ہدی، حیدرآباد میں اختتام ہوا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے ارکان جماعت کو سچائی اور انصاف کے اصولوں پر معاشرے کی تعمیر کے لئے اپنے آپ کو وقف کردینے کی نصیحت کی۔ اختتامی خطاب میں سید سعادت اللہ حسینی نے ارکان کو اس مقدس عہد کی یاد دہانی کروائی جو انہوں نے دین کی خدمت کے لئے جماعت کا رکن بننے کے وقت کیا تھا۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ دین سے سچی وابستگی کا تقاضہ ہے کہ ہم میں سے ہر فرد نہ صرف ایمان کو مضبوط سے مضبوط تر کرے بلکہ اپنے اردگرد کے ماحول کو بھی اپنے فرض منصبی کی ادائیگی کے ذریعہ ایمان کی روشنی سے منور کرے۔
جماعت اسلامی ہند کے امیر نے ارکان کو آپس میں باہمی تعاون، اشتراک اور یکجہتی کو فروغ دینے کی تلقین کی اور خبردار کیا کہ چھوٹے اور لایعنی مسائل میں الجھنے سے زندگی کے اعلیٰ مقاصد سے توجہ ہٹ سکتی ہے، ہمیں اپنی زندگیوں کو فضول، لایعنی اور منفی چیزوں سے بچانا چاہیئے۔ اس موقع پر امیر جماعت نے ارکان جماعت کو متوجہ کیا کہ خود احتسابی، ذاتی تزکیہ و تربیت پر توجہ، اللہ سے مضبوط روحانی تعلق اور اچھے اخلاق بہتر معاشرے کی تعمیر کے لئے ناگزیر ہیں۔
اس سہ روزہ اجتماع ارکان کے آخری دن ملک کے مختلف حصوں سے منتخب مقامی اور ریاستی سطح کے ذمہ داران نے اپنے کامیاب تنظیمی تجربات اور سماجی کاموں سے شرکاء اجتماع کو واقف کراویا گیا۔ مولانا رضی الاسلام ندوی نے فقہی و مسلکی معاملات میں اعتدال پسندانہ رویئے کی ضرورت و اہمیت پر ارکان کومتوجہ کیا۔ اجتماع میں مختلف سماجی، تعلیمی اور اقتصادی نیز اخلاقی و روحانی معاملات پر شرکاء کی رہنمائی کی گئی۔ ایک خصوصی نمائش “IDRAK Tahreek Showcase“ کے ذریعے ملک بھر میں چلنے والے 100 سے زائد کامیاب کمیونٹی اور سماجی ترقی کے پروجیکٹس کو پیش کیا۔