اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کے وزیرخزانہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے جنرل سیکریٹری انجینئر اسماعیل نے انکشاف کیا ہے کہ وفاقی سطح پر فیصلہ ہو چکا ہے کہ جی بی میں آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہو گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے۔ ایک انٹرویو میں صوبائی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ 2020ء کے الیکشن میں ہماری پارٹی نے سب سے زیادہ ووٹ لیا۔ ہماری 9 سیٹیں دھاندلی کے ذریعے چھین کر ہمیں تین سیٹیں دی گئیں۔ آئندہ گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی حکومت بنائے گی۔ وفاقی حکومت کے ساتھ جو فارمولہ طے ہوا ہے اس کے مطابق گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہی بنے گی۔
صو بائی وزیر خزانہ نے کہا کہ صدر زرداری جب چاہے گلگت بلتستان میں حکومت بنا سکتے ہیں اور وفاق میں حکومت گرا سکتے ہیں۔ کیوںکہ وفاق میں نون لیگ کی حکومت صدر زرداری اور پیپلز پارٹی کے سہارے کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے اندر حکومت بنانے کی باتیں کرنے والے پہلے اپنی پارٹی کے اندر اختلافات ختم کریں۔ گلگت بلتستان میں لوگ اب بھی بھٹو کے شیدائی ہیں۔ الیکشن کے لئے ہماری پارٹی میں امیدوار اتنے زیادہ ہیں کہ ٹکٹوں کی تقسیم کے وقت فیصلہ کرنا مشکل ہوجاتا ہے اس کے باوجود پارٹی میں ڈسپلن قائم ہے اور کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سید مہدی شاہ ہمارے گورنر ہیں اور امجد حسین ایڈووکیٹ پارٹی کے صدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی روزگار دینے والی پارٹی ہے۔ آئندہ گلگت بلتستان میں حکومت قائم کرکے روزگار کے دروازے کھول دیں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ گندم سبسڈی سے لے کر گلگت بلتستان کا نام تک سب کچھ پاکستان پیپلز پارٹی نے دیا ہے۔