اسلام ٹائمز۔ غاصب صیہونی رژیم کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ نے اعلان کیا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے مرکز الطیرہ میں ایک عمارت پر تباہ کن میزائل کے براہ راست آ لگنے سے 19 غاصب صیہونی "صرف زخمی" ہوئے ہیں۔
ادھر غاصب اسرائیلی فوج نے بھی اعلان کیا ہے کہ ہم نے لبنان سے تل ابیب کے شمال کی جانب داغے گئے کم از کم 3 تباہ کن میزائلوں کو ٹریک کیا جن میں سے "بعض" کو روک لیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ شب تل ابیب کے شمال میں واقع علاقوں میں وسیع سائرن بجتے رہے۔
دوسری جانب حزب اللہ لبنان نے بھی اپنے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ اس کے مجاہدین نے متعدد خود کش ڈرون طیاروں کے ذریعے کفار گیلعادی کی غیرقانونی صیہونی بستی کو نشانہ بنایا ہے جبکہ داغے گئے تمام ڈرون اپنے اہداف کے عین اوپر جا لگے۔ حزب اللہ لبنان نے مزید کہا کہ ہمارے مجاہدین نے کریات شمونا کی غیرقانونی یہودی بستی کو بھی 2 خودکش ڈرون طیاروں کے ساتھ نشانہ بنایا ہے۔