0
Monday 4 Nov 2024 22:05

جے ڈی سی نے ثابت کیا اگر جذبہ ہو تو وسائل کی کمی کسی کام سے روک نہیں سکتی، گورنر سندھ

جے ڈی سی نے ثابت کیا اگر جذبہ ہو تو وسائل کی کمی کسی کام سے روک نہیں سکتی، گورنر سندھ
اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ فلاحی ادار ے مستحقین کی مشکلات کے خاتمہ میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں، اس ضمن میں جے ڈی سی فری ڈائیگنوسٹک سینٹر مستحقین کو میڈیکل کے مہنگے ترین ٹیسٹ بالکل فری کرکے دے رہا ہے، آج اس سینٹر کی پہلی سالگرہ ہے جس پر جے ڈی سی کی پوری ٹیم کو مبارک دیتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے ڈی سی فری ڈائیگنوسٹک سینٹر کی پہلی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنرسندھ نے جے ڈی سی فری ڈائیگنوسٹک سینٹر کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا۔

سینٹر کی انتظامیہ نے گورنر سندھ کو متعلقہ شعبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ جے ڈی سی فری ڈائیگنوسٹک سینٹر نے ایک برس میں شاندار مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ جے ڈی سی صحت کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے، اس ادارہ نے ثابت کیا کہ اگر جذبہ ہو تو وسائل کی کمی کسی بھی کام سے روک نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ یقین دلاتا ہوں کہ عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے، اللہ تعالیٰ ہم سب کو اسی طرح انسانیت کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔

جے ڈی سی کے ظفر عباس نے کہا کہ اس سینٹر میں جرمنی، امریکہ، ہانگ اور سیمنس کی جدید مشینریاں نصب ہیں اس سینٹر میں 30 سے 40 ہزار روپے کے ٹیسٹ بالکل مفت کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ نے ہمیشہ فلاحی اداروں کو سپورٹ کیا ہے۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ اس سینٹر میں کئے جانے والے ٹیسٹ میں زیادہ تر بہت مہنگے ہوتے ہیں جو عام آدمی کی قوت برداشت سے باہر ہوتے ہیں ا س فلاحی سینٹر نے آج غریبوں کے لئے آسانیاں پیدا کی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ آنے والا وقت انشاء اللہ بہتر سے بہترین ہوگا، جو ادارے خسارے میں ہیں انہیں فروخت کیا جارہا ہے، اس اقدام سے اربوں روپے بچیں گے جو عوام پر خرچ ہوں گے جبکہ معیشت کی بہتری کے ثمرات بھی عوام تک پہنچے گے۔ گورنر سندھ نے ظفر عباس سے کہا کہ وہ اس طرح کے مثالی سینٹر صوبہ کے دور دراز علاقوں میں بھی قائم کریں تاکہ وہاں کے لوگوں کو بھی اس طرح کے مفت سینٹر سے بھرپور فائدہ حاصل ہو سکے اس ضمن میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتا ہوں۔
خبر کا کوڈ : 1170723
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش