اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہمیں آئین سازی کے ذریعے معاملات کو حل کرنے کی ضرورت ہے، ہم نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میں زور دیا کہ آئینی عدالت کے قیام کی ضرورت ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران مرتضیٰ وہاب نے کہا کامران مرتضیٰ آئینی بینچ کی بات کر رہے ہیں، یہ ان کی ذاتی رائے ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئینی ترامیم انفرادی نہیں اجتماعی سوچ پر ہوتی ہے، مولانا صاحب روز اول سے کہہ رہے ہیں کہ عدالتی نظام میں اعتدال لانے کی ضرورت ہے۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ موجودہ عدالتی نظام عام آدمی کے مسائل حل نہیں کر پا رہا۔ انھوں نے کہا کہ کامران مرتضیٰ طریقہ کار سے اختلاف کر رہے ہیں لیکن عدالتی نظام میں بہتری چاہتے ہیں۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا امید ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو قائل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔