اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کی جانب سے ’’سٹوڈنٹس غزہ ملین مارچ‘‘ کا اہتمام کیا گیا۔ مارچ میں ہزاروں طلبہ نے شرکت کی،، مارچ پی ایم جی چوک سے شروع ہو کر پنجاب اسمبلی پر اختتام پذیر ہوا۔ مارچ کی قیادت حافظ ساجد محمود ناظم اسلامی جمعیت طلبہ لاہور نے کی۔ حافظ ساجد محمود کا کہنا تھا کہ ایک بات تو ثابت ہوچکی ہے کہ پوری اُمّت مسلمہ آج جاگ چکی ہے، لیکن ہمارے بزدل حکمران نہیں جاگے۔ مارچ میں شریک طلبہ نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے۔ مارچ پنجاب اسمبلی پہنچنے پر ناظمِ اعلٰی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان حسن بلال ہاشمی اور امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاءالدین انصاری نے بھی خطاب کیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ بیت المقدس عرب اور عجم کا مسئلہ نہیں، بلکہ یہ ہمارے ایمان کا معاملہ ہے اور فلسطین سے ہمارا تعلق لَااِلٰہَ اِلَّااللّٰہ کا تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہل فلسطین و لبنان مسلسل اسرائیلی مظالم برداشت کر رہی ہیں، ہم غزہ کے عظیم اور غیرت مند مسلمانوں کے جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افسوس مسلم حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، انہیں مذمت کرنے کی بھی توفیق نہیں ہو رہی جبکہ مغربی ممالک کی یونیورسٹیز کے طلبہ مظلومین فلسطین کیلئے اپنی حکومتوں کیخلاف سراپا احتجاج ہیں۔