اسلام ٹائمز۔ لبنانی المنار ٹی وی کا کہنا ہے کہ حملوں میں درجنوں افراد شہید و زخمی ہوئے ہیں تاہم سید حسن نصراللہ خیریت سے ہیں۔ حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ کے قریبی ذرائع نے جمعے کی شام بیروت پر شدید اسرائیلی حملوں کے بعد بتایا کہ سید حسن نصر اللہ سلامتی کے ساتھ محفوظ مقام پر موجود ہیں۔ غاصب اسرائیل نے جمعے کو لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوب میں فضائی حملے کیے ہیں، جن کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کے ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا گیا۔ لبنانی المنار ٹی وی کا کہنا ہے کہ حملوں میں درجنوں افراد شہید و زخمی ہوئے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ کے قریبی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ وہ خیریت سے ہیں۔ استقامتی محاذ کے ذرائع نے اس بات پر زور دیا کہ سید حسن نصر اللہ محفوظ مقام پر ہیں اور جو کچھ عبرانی میڈیا میں شائع اور نشر ہوا ہے وہ درست نہیں ہے۔ بعض عرب ذرائع نے یہ بھی اعلان کیا کہ حزب اللہ عنقریب بیروت کے نواحی علاقوں میں صیہونی حکومت کی آج کی جارحیت کے حوالے سے ایک بیان جاری کرے گی۔ فرانس پریس نے حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل کے قریبی ذرائع کے حوالے سے اعلان کیا ہے کہ سید حسن نصر اللہ آج کے اسرائیلی حملوں کے بعد محفوظ اور خیریت سے ہیں۔