0
Wednesday 25 Sep 2024 20:41

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل دورہ چین کے بعد وطن واپس پہنچ گئے

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل دورہ چین کے بعد وطن واپس پہنچ گئے
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی چین کے مذہبی سیاحتی دورہ کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ 11 رکنی علماء نے وفد چینی وزارت خارجہ کی دعوت پر چین کا 10 روزہ دورہ کیا۔ اس دوران اسلامی سکالرز کے وفد کو بیجنگ، شیان، کاشغر اور ارمچی شہر لے جایا گیا۔ دورہ میں وزارت خارجہ کے نمائندوں، مختلف شہروں میں مساجد کی کمیٹیوں اور کمیونسٹ پارٹی کے رہنماوں سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد کو شیان کی قدیمی مسجد، کاشغر کی عیدگاہ مسجد اور سنکیانگ مسلم انسٹی ٹیوٹ کا دورہ بھی کروایا گیا۔ مسلم رہنماوں شیخ عبدالرقیب، شیخ ابراہیم اور شیخ جمعہ سے ملاقات بھی ہوئی۔ دورہ پر تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب نعیمی نے کہا کہ پاک چین دوستانہ تعلقات ہمیشہ سے مثالی رہے ہیں، کامیاب دورہ پر چینی سفارتخانہ اور وزارت خارجہ کے مشکور ہیں۔ وفد کا دورہ پاک چین تعلقات اور خصوصاً مسلم کمیونٹی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس سے پاک چین دوستی کو تقویت ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین کے دارالحکومت سے مغرب میں واقع آخری مسلم صوبہ سنکیانگ کے مسلمان چینی حکومت کی مثبت پالیسیوں کی وجہ سے معاشی اور مذہبی آزادی کی دوڑ میں شامل ہو گئے ہیں، چینی حکومت مذہبی اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی تعمیرنو اور رسوم و رواج کی ادائیگی کی طرف توجہ دے رہی ہے۔ اس ضمن میں اسلامک ایسوسی ایشن آف سنکیانگ کے زیرنگرانی مسلم انسٹی ٹیوٹ میں مساجد کیلئے آئمہ اور خطباء تیار کئے جا رہے ہیں اور قرآن کریم و دینی کتب کی اشاعت کی جا رہی ہے۔ ترقی کیلئے چینی حکومت کا اربوں یوان کے منصوبہ جات کی بدولت سنکیانگ خصوصاً کاشغر کے مسلمانوں کے معاشی حالات بدل رہے ہیں۔ کاشغر کا قدیمی شہر تزئین نو کے بعد سیاحوں کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ قدیمی شہر میں ایک لاکھ ستر ہزار کے قریب مسلمان آباد ہیں۔ سیاحتی مقام بننے کی وجہ سے معاشی حالات بہت بہتر ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے شدت پسندی میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے۔ 2016ء کے بعد کیے جانیوالے اقدامات کی وجہ سے دہشتگردی ختم ہو گئی ہے۔

دہشتگردی اور شدت پسندی کے معاملات میں دونوں ممالک کے حالات میں کافی مماثلت پائی جاتی ہے اور دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ وفد نے کاشغر میں صوفی بزرگ خواجہ آفاق نقشبندی کے مزار پر بھی حاضری دی۔ وفد میں بیرسٹر ظفراللہ خان، مولانا حامد الحق حقانی، مولانا محمد ادریس، علامہ اللہ بخش کلیار، مولانا محمد طاہر، مولانا عبدالوحید اور دیگر شامل تھے۔
خبر کا کوڈ : 1162398
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش