اسلام ٹائمز۔ چین نے جمعرات کی دوپہر کو اپنے شہریوں کو لبنان سے فوری طور پر نکلنے کی سفارش کی ہے۔ فارس نیوز کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے بیروت میں چین کے سفارت خانے کے ذریعے لبنان میں خاص طور پر جنوبی علاقوں کی سیکیورٹی کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ چونکہ لبنان میں تجارتی پروازیں دوبارہ شروع ہو چکی ہیں، شہریوں کو جلد از جلد لبنان چھوڑ دینا چاہیے۔ رپورٹ کے مطابق، مختلف ممالک نے حالیہ ہفتوں میں اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے۔ اسرائیل کی طرف سے غزہ پر حملوں اور حماس کے سیاسی شاخ کے صدر اسماعیل ہنیہ کی تہران میں شہادت نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے۔
امریکن ایئر لائنز نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ فلسطین کے مقبوضہ علاقوں کے لیے اور ان علاقوں سے پروازوں کو اپریل 2025 تک معطل رکھے گی۔ امریکن ایئر لائنز نے تل ابیب کے بن گوریون ایئرپورٹ کے لیے پروازوں کی معطلی کی مدت اپریل 2025 تک بڑھا دی ہے۔ بڑی بین الاقوامی فضائی کمپنیوں میں سے یونائیٹڈ اور ڈیلٹا ایئر لائنز نے بھی اپنے فلسطین کے مقبوضہ علاقوں کے لیے پروازوں کو معطل کر دیا ہے۔